سلطان العاشقین اوردنیائے تصوف میں انقلاب | Sultan ul Ashiqeen aur Dunya e Tasawwuf Mein Inqalab

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

سلطان العاشقین اوردنیائے تصوف میں انقلاب | Sultan ul Ashiqeen aur Dunya e Tasawwuf Mein Inqalab

سلطان العاشقین اوردنیائے تصوف میں انقلاب

تحریر: فائزہ سعید سروری قادری۔ سوئٹزر لینڈ

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا فرمان عالیشان ہے ’’تبدیلی کائنات کا اصول ہے۔ تبدیلی کے ساتھ جو تبدیل نہیں ہوتا وہ فنا ہو جاتا ہے۔‘‘
کائنات کے اس اصول کے مدنظر آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی انقلابی اور جدت پسند طبیعت، انتھک محنت اور کاوشوں سے فقر کو ترقی کی جس راہ پر گامزن کر دیا ہے وہ شرف آج تک کسی کو حاصل نہ ہو سکا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی انقلابی سوچ سے فقر کا پیغام دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے جو کارنامے انجام دئیے ہیں ان پر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔
آپ مدظلہ الاقدس نے بطور طالب ِ مولیٰ اور مرشد کامل اکمل کی حیثیت سے جو کامیابیاں حاصل کیں ان کا ذکر کرنے سے پہلے ہم آپ کے زمانہ طالب ِ علمی پر ایک نظر ڈال لیں۔ محاورہ مشہور ہے ’’ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات‘‘۔ طالب علمی کے زمانے میں آپ کا شمار بہترین اور ذہین ترین طلبا میں ہوتا تھا۔ آپ کی قلمی صلاحیتیں اس وقت ابھر کر سامنے آنے لگیں جب آپ نے پانچویں کلاس میں مختلف اخبارات میں بچوں کے صفحات میں مضمون نویسی کا آغاز کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے روزنامہ آفاق، روزنامہ مساوات، روزنامہ مشرق اور روزنامہ امروز میں اخلاقی موضوعات پر مضامین لکھے۔ آپ مدظلہ الاقدس سکول میں ہونے والے تقریری مقابلوں اور کھیل کے مقابلوں میں بھی پورے جوش وخروش سے حصہ لیا کرتے تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس اپنی ذہانت و انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے جماعت دہم تک کلاس کے مانیٹر رہے۔
اگر بحیثیت طالب ِ مولیٰ آپ مدظلہ الاقدس کی زندگی پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس نے عشق ِ مرشد کے نشے میں مخمور ہو کر اپنے مرشد کے فقر کے مشن کی کامیابی کے لیے اسقدر جدوجہد کی اور فقر کی ترقی کے لیے تحریک میں ایسی مثبت تبدیلیاں کیں جو سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کی لاکھوں مریدین پر مشتمل جماعت میں کوئی اور نہ کر سکا۔
٭ سونے کے اسمِ اللہ ذات آخری بار شہباز ِعارفاں حضرت سخی سلطان پیر سیّد محمد بہادر علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے 1934ء میں تیار کروائے۔ اس کے بعد طالبانِ مولیٰ کو چھپے (Printed) ہوئے اسمِ اللہ ذات ملتے رہے۔ یہ سعادت بھی آپ مدظلہ الاقدس کو حاصل ہوئی کہ آپ مدظلہ الاقدس نے بحکمِ مرشد سونے کے اسمِ اللہ ذات بنانے کی ڈیوٹی سرانجام دی۔ آپ مدظلہ الاقدس سلطان الفقر ششم کے واحد مرید تھے جنہیں اسمِ محمدؐ کا تصور حاصل ہوا۔
٭ جب آپ مدظلہ الاقدس کو ماہنامہ مرآۃ العارفین کی اشاعت کے لیے منتخب کیا گیا تو آپ مدظلہ الاقدس نے محبت، خلوص اور محنت سے کام کیا اور اپریل 2000 سے اپنے مرشد کے وصال تک ماہنامہ مرآۃ العارفین کو نہایت کامیابی سے چلایا۔
٭ جب سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو سلطان الفقر ششمؒ کی طرف سے اصلاحی جماعت لاہور کا سرپرست مقرر کیا گیا تو آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی طبیعت کی جدت پسندی کے باعث تبلیغ کا نیا اور منفرد طریقہ اختیار کیا جس کی بدولت عوام الناس میں فقر کا پیغام پھیلنا شروع ہو گیا۔
مرشد پاک کے وصال کے بعد جب آپ مدظلہ الاقدس نے مسند ِ تلقین و ارشاد سنبھالی تو دنیائے تصوف میں ظاہری و باطنی طور پر ایسے انقلابی اقدامات کئے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ باطنی اقدامات کی طویل فہرست ہے جس کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا۔ ظاہری اقدامات میں سے چند کا ذکر کیا جا رہا ہے:
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے فقر کے فروغ کے لئے ’’مرشد کامل اکمل‘‘ اور’’حقیقت اسمِ اللہ ذات‘‘ کے نام سے دو کتابیں ہزاروں کی تعداد میں طبع کروا کر ملک بھر میں فی سبیل اللہ ہر خاص و عام میں تقسیم فرمائیں تاکہ عوام الناس ان کتب کے مطالعہ کے بعد ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کے حصول کے لیے مرشد کامل اکمل کی طرف رجوع کریں۔ اس کے بعد آپ نے پورے پاکستان میں شائع ہونے والے مختلف اخبارات میں یہ دونوں کتابیں مفت منگوانے کے لیے اشتہارات شائع کروائے جس کی بدولت ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کتب کے مطالعہ سے مستفید ہوئے۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے طالبانِ مولیٰ کی دعوت پر پورے پاکستان میں کئی بار تبلیغی دورے بھی فرمائے اور امت محمدیہ کو فقر حقیقی کی دعوت دے کر اس کی فلاح کی جدوجہد کا آغاز کیا جو آج تک جاری و ساری ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اسمِ اللہ ذات کے فیض کو جس قدر عام کیا اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ بیعت کے فوراً بعد آپ مدظلہ الاقدس اپنے مریدوں کو سنہری اسمِ اللہ ذات، مشقِ مرقومِ وجودیہ اور سلطان الاذکار ھُو کا ذکر عطا فرما تے ہیں۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے مرشد پاک کے حکم کے مطابق اسم ِ محمدؐ کے فیض کو بھی عام کیا اور بے شمار طالبوں کا تزکیۂ نفس کرکے انہیں مجلس ِ محمدیؐ کی حضوری اور لقائے الٰہی سے مشرف کیا۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس وہ واحد سروری قادری شیخ ہیں جنہوں نے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے بعد آنے والے تمام سروری قادری مشائخ کے اعلیٰ مقام اور شان سے دنیا کو آگاہ کیا اور ان کی تعلیمات سے عوام الناس کو روشناس کرایا۔ اس سلسلے میں آپ مدظلہ الاقدس نے بذاتِ خود کئی سال تحقیق کی، قلمی مسودات اکٹھے کئے اور مشائخ سروری قادری کی جامع سوانح حیات پر ایک کتاب ’’مجتبیٰ آخرزمانی‘‘ کے نام سے تحریر فرمائی۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے مشائخ سروری قادری کا عارفانہ کلام بھی جمع فرمایا جو اس سے پہلے کبھی منظر ِ عام پر نہ آسکا تھا اور ’’کلام مشائخ سروری قادری‘‘ کی صورت میں اسے مدون کر کے شائع کرایا تاکہ لوگ سروری قادری مشائخ کے کلام میں پنہاں اسلام کی روح یعنی فقر سے آگاہ ہو سکیں اور ایک طالب ِ مولیٰ کی زندگی میں مرشد کامل کی اہمیت کو سمجھ کر اس کی تلاش اور خدمت کریں اور اس کے ذریعے اللہ کا قرب پا سکیں۔
٭ حکم ِ باری تعالیٰ ہے:
ترجمہ: تم میں سے ایک جماعت ایسی ہونی چاہیے جو لوگوں کو نیکی کی طرف بلائے اور اچھے کام کرنے کا حکم دے اور برے کاموں سے منع کرے اور یہی لوگ نجات پانے والے ہیں۔ (آلِ عمران۔104)
اللہ پاک کے مندرجہ بالا حکم کے مطابق آپ مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی جس کے قیام کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو راہِ فقر کی دعوت دینا ہے تاکہ وہ اللہ کا قرب اور مجلس ِ محمدیؐ کی حضوری حاصل کرسکیں۔ تحریک دعوتِ فقر ایک رجسٹرڈ اور غیر سرکاری و غیر سیاسی جماعت ہے۔
٭ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس ایک نفیس طبیعت کے مالک ہیں اور ہر کام میں نظم و ضبط کے قائل ہیں۔ آپ دورِ حاضر کی ضروریات سے بخوبی واقفیت رکھتے ہیں اس لیے آج کے دور میں ہونے والی سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر آپ مدظلہ الاقدس فقر کے پیغام کو پھیلانے کے لیے بہترین اقدامات فرما رہے ہیں۔ فقر کے فروغ کے لیے آپ مدظلہ الاقدس پرانے مروجہ طریقوں اور نئے دور کے جدید ترین طریقوں کو ساتھ ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سروری قادری بھی قائم فرمائی جہاں آپ مدظلہ الاقدس ہر اتوار تشریف فرما ہوتے ہیں اور ملک بھر سے آنے والے مریدین کو اپنے دیدار اور صحبت سے فیضیاب فرماتے ہیں۔ اس خانقاہ میں مقامی اور دور دراز علاقوں سے مریدین بھی آکر مقیم ہوتے ہیں اور چند دن دنیا سے خلوت نشینی اختیار کر کے اپنے مرشد کی صحبت میں رہتے ہیں۔ اسی خانقاہ میں تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کے دفاتر بھی قائم ہیں جہاں سے آپ مدظلہ الاقدس کے تربیت یافتہ مریدین کتب، رسائل، ویب سائٹس، سوشل میڈیا پیجز اور بلاگز کے ذریعے فقر کی تعلیمات کو دنیا بھر میں پھیلا رہے ہیں۔
٭ آپ مدظلہ الاقدس نے فقر کے فروغ کے لیے دورِ حاضر میں کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرونک میڈیا کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام مطبوعہ کتب کو الیکٹرانک کتب (e-books) کی صورت میں انٹرنیٹ پر ہر خاص و عام کے مفت مطالعہ کے لیے دستیاب کر دیا ہے۔
٭ سوشل میڈیا مثلا فیس بک(Facebook)، ٹوئٹر (Twitter)، لنکڈان (LinkedIn)، پنٹرسٹ (Pinterest)، ٹمبلر (Tumblr)، ریڈاٹ (Reddit)، ٹک ٹاک (TikTok)، لائکی (Likee)، انسٹاگرام (Instagram) وغیرہ کے ذریعے بھی لوگوں تک فقر کا پیغام پہنچانے کا انقلابی قدم اٹھایا۔
٭ موجودہ دور کے تقاضوں کے تحت آپ مدظلہ الاقدس نے انگریزی اور اردو میں ویب سائٹس بنوائیں جن پر فقر و تصوف کی تعلیمات پر مبنی سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور موجود ہیں جن کو بآسانی ڈاؤن لوڈ (Download) بھی کیا جاسکتا ہے اور آن لائن (Online)بھی پڑھا جاسکتا ہے ۔ ان کے علاوہ شش سلطان الفقر کی حیات و تعلیمات پر مبنی ویب سائٹس بھی موجود ہیں۔
سلطان الفقر ٹی وی sultanulfaqr.tvکے نام سے ایک ویب ٹی وی کا آغاز کیا گیا۔ اس ویب ٹی وی پر نعتیہ و عارفانہ کلام، مشائخ سروری قادری اور کلامِ اقبالؒ، سالانہ محافل میلادِ مصطفی اور عرس کی تقریبات اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تبلیغی دوروں کی ویڈیوز مل سکتی ہیں اس کے بعد اس شعبہ میں ترقی ہوئی اور مزید چار (4) ویب ٹی وی چینلز کا آغاز ہوا۔
tehreekdawatefaqr.tv
sultan-ul-ashiqeen.tv
sultan-bahoo.tv
sultan-ul-faqr-digital-productions.com
ان ٹی وی چینلز پر فقر کے مختلف موضوعات پر تقاریر، تمام ابیاتِ باھوؒ، تحریک دعوتِ فقر کی تمام خبریں اور دیگر بے شمار ویڈیوز موجود ہیں جو دنیا بھر کے طالبانِ مولیٰ کو فقر کی دعوت دیتی ہیں۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اس بات کے پیشِ نظر کہ انگریزی اس وقت انٹرنیشنل زبان ہے تو فیصلہ فرمایا کہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی شائع کردہ تمام کتب کے انگریزی تراجم کیے جائیں جس کے لیے آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے مریدین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جس نے حضرت سلطان باھُوؒ کی کتب کے ساتھ ساتھ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی کتب کا بہترین انگریزی ترجمہ کیا۔ تراجم کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
یہاں یہ بات واضح کرنا بے حد ضروری ہے کہ تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات میں ہونے والے ہر کام کی نگرانی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس خود فرماتے ہیں اور اس کام کے لیے مریدین کی باطنی تربیت بھی خود فرماتے ہیں۔ عموماً فقرا کے متعلق یہ تاثر ہوتا ہے کہ وہ جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے آگاہ نہیں ہوتے لیکن یہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا کمال اور ان کی جدت پسند طبیعت کے ساتھ ساتھ ان کی باطنی دسترس کا بھی ثبوت ہے کہ انہیں اس دور کی ہر ٹیکنالوجی کا استعمال بخوبی آتا ہے۔
یہ آپ مدظلہ الاقدس کی وسعت ِ نظر کا ہی فیض ہے کہ گزشتہ ادوار میں فقر خواتین میں اتنا نہیں پھیلا جتنا سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زمانے میں پھیلا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے خواتین کی تربیت بھی اسی نہج پر کی ہے کہ جس طرح مرد طالبوں کی۔ یہی وجہ ہے کہ فروغِ فقر کے لیے تشکیل دیے گئے تمام شعبہ جات میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔
جیسے جیسے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے فقر کا پیغام پھیلا تو دنیا بھر سے بے شمار مسلمانوں نے رابطہ کا سلسلہ شروع کردیا۔ لوگ ماہنامہ سلطان الفقر اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی کتب سے اس قدر متاثر ہوئے کہ فوراً بیعت ہونا چاہتے تھے جن میں سے کچھ لوگ مختلف مجبوریوں کی وجہ سے فوری پاکستان نہ آ سکتے تھے اور بیعت نہ ہوسکتے تھے۔ ان کی مجبوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی سہولت کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے آن لائن بیعت کے سلسلے کا آغاز کیا جس کی بدولت سینکڑوں لوگ آپ مدظلہ الاقدس کے حلقہ ٔ مریدین میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس سے آپ کے کامل تصرف کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس کا مرید دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو آپ مدظلہ الاقدس کے فیض سے محروم نہیں رہتا۔ کتب کے انگریزی تراجم، ان کی آن لائن دستیابی اور آن لائن بیعت کا ایک اور بہت بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ بے شمار غیرمسلم بھی آپ مدظلہ الاقدس کی تعلیمات سے متاثر ہوکر مسلمان ہوئے اور آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کر کے قرب و دیدار الٰہی کی راہ پر گامزن ہوئے۔ فقر کے فروغ کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ اللہ تعالیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی اس بے مثال جدو جہد کو لازوال کامیابی سے ہمکنار فرمائے اور ان کا فیض فقر تمام امت ِمحمدیہ میں عام فرما دے۔ آمین

32 تبصرے “سلطان العاشقین اوردنیائے تصوف میں انقلاب | Sultan ul Ashiqeen aur Dunya e Tasawwuf Mein Inqalab

  1. فرمان سلطان العاشقین : ’’تبدیلی کائنات کا اصول ہے۔ تبدیلی کے ساتھ جو تبدیل نہیں ہوتا وہ فنا ہو جاتا ہے۔‘‘
    آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی انقلابی سوچ سے فقر کا پیغام دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے جو کارنامے سرانجام دئیے ان کی مثال ناممکن ہے۔

    https://idraklibrary.wordpress.com/tag/%D8%B3%D9%84%D8%B7%D8%A7%D9%86-%D8%A7%D9%84%D9%81%D9%82%D8%B1-%D9%BE%D8%A8%D9%84%DB%8C%DA%A9%DB%8C%D8%B4%D9%86%D8%B2-%D9%84%D8%A7%DB%81%D9%88%D8%B1/

تبصرے بند ہیں