sultan-ul-ashiqeen-ka-musnad-talqeen-irshad-aur-dawat-e-faqr-ka-aghaz

سلطان العاشقین سلطان محمد نجیب الرحمن کا تلقین و ارشاد کا آغاز

Rate this post

سلطان العاشقین سلطان محمد نجیب الرحمن کا تلقین و ارشاد کا آغاز

مسندِ تلقین و ارشاد اور دعوتِ فقر کا آغاز

راہِ فقر میں دستور یہ ہے کہ جب مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ کا عالمِ ناسوت سے رخصت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ اپنے مرید طالبانِ مولیٰ میں سب سے صادق اور اعلیٰ ترین خصوصیات کے حامل طالب کو باطن میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں پیش کرتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم  خزانۂ فقر کے مختارِ کلُ ہیں، آپ  صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اس طالب (محرمِ راز) کو آنے والے دور میں خزانۂ فقر اور اپنی نیابت عطا کرنے کے لیے منتخب فرماتے ہیں اور مرشد ِکامل اکمل جامع نور الہدیٰ کو اجازت عطا فرماتے ہیں کہ وہ طالب کی تربیت اب تلقین و ارشاد کی مسند سنبھالنے کے لیے کرے۔ مرشد باطن میں اس طالب کی تربیت کا آغاز کرتا ہے۔ جب طالب کی تربیت مکمل ہوجاتی ہے تو مرشد امانتِ الٰہیہ کے ساتھ ساتھ اپنی مسندِ تلقین و ارشاد بھی اس محرمِ راز کے سپرد کر کے اس عالمِ فانی سے رخصت ہو جاتا ہے۔ اب لوگوں کو تعلیم و تلقین کرنا اور ذکر اور تصورِ اسم اللہ ذات عطا کرنا اس طالب پر فرض ہو جاتا ہے۔ فقر کی اسی منزل پر جب سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ پہنچے توآپ رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا’’اور منزلِ فقر  پر بارگاہِ کبریا سے حکم ہوا کہ تو ہمارا عاشق ہے ۔ اس فقیر نے عرض کی کہ عاجز کو حضرتِ کبریا کے عشق کی توفیق نہیں، پھر حکم ہوا کہ تو ہمارا معشوق ہے اس پر یہ عاجز خاموش ہوگیا تو حضرتِ کبریا کے انوارِ تجلی کے فیض نے بندے کو ذرے کی طرح استغراق کے سمندروں میں غرق کردیا اور فرمایا کہ تو ہماری ذات کی ’عین‘ ہے اورہم تمہاری ’عین‘ ہیں۔ حقیقت میں تو ہماری ’ حقیقت ‘ ہے اور معرفت میں توہمارا یار ہے اور ’ھُو‘ میں ’ یاھُو‘ کا راز ہے۔‘‘ (رسالہ روحی شریف)

یہاں ھُو سے مراد ذاتِ حق تعالیٰ ہے اور ’یاھُو‘ سے مراد ’ حقیقت ِمحمدیہ‘ا ور ’راز‘ سے مراد تکمیلِ باطن وصالِ الٰہی ہے یعنی مقام فنا فی اللہ بقا باللہ (فنا فی ھُو) ہے جہاں پر انسان کامل ہو کر تلقین و ارشاد کی مسند پر فائز ہوتا ہے۔ انسانِ کامل کے قلب میں نورِ الٰہی کا راز پوشیدہ ہے۔ اب دنیا میں جس کو بھی معرفتِ الٰہی حاصل ہوگی اسی انسانِ کامل سے ہو گی۔

انسانِ کامل کے بارے میں کپتان ڈبلیو بی سیال لکھتے ہیں:
مقامِ فنا فی اﷲ میں رہ کر بحرِ ذات و صفاتِ الٰہی میں غوطے لگا کر بندۂ مومن بمصداق حدیث ِقدسی ’’بِیْ یَسْمَعْ وَ یُبْصَرْ‘‘ ( وَ مَا یَزَالُ عَبْدِیْ یَتَقَرَّبُ اِلَیَّ بِالنَّوَافِلِ حَتّٰی اُحِبَّہٗ فَاِذَا اَحْبَبْتُہٗ کُنْتُ سَمْعَہُ الَّذِیْ یَسْمَعُ بِہٖ وَ بَصَرَہُ الَّذِیْ یُبْصِرُ بِہٖ وَ یَدَہُ الَّتِیْ یَبْطِشُ بِھَا وَ رِجْلَہُ الَّتِیْ یَمْشِیْ بِھَ(بخاری شریف۔6502) ترجمہ:میرا بندہ (فرض ادا کرنے کے بعد) نفل عبادتیں کر کے مجھ سے اتنا نزدیک ہو جاتا ہے کہ میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں۔ پھر جب میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں تو میں اس کا کان بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے، اس کی آنکھ بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے، اس کا ہاتھ بن جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے اور اس کا پاؤں بن جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے۔ )حق تعالیٰ کی صفات سے متصف ہوتا ہے۔ اس مقام کی طرف ایک اور حدیث سے بھی اشارہ ہوتاہے جس میں کہاگیا ہےتَخَلَّقُوْا بِاَخْلَاقِ  (ترجمہ: اﷲ کے اخلاق سے متخلق ہو جاؤ)۔ جب صفاتِ الٰہی سے بندۂ مومن متصف ہوکر واپس بقا کی حالت کی طرف آتاہے تو بحیثیت انسانِ کامل خلافتِ الٰہیہ کا تاج اس کے سر پر رکھا جاتا ہے۔ یہ مقام انسانی عروج کا بلند ترین مقام ہے اور پیغمبر علیہ الصلوٰۃ والسلام کا خاصہ ہے۔ یہ عبدیت کا بلند ترین مقام ہے کیونکہ فنا میں رہ کر آدمی ہمیشہ کیلئے غرق ہوجاتا ہے۔ (روحانیت اور اسلام)

احمد سعید ہمدانی لکھتے ہیں:
غوث جسے قطب الا قطاب، قطبِ مدار، قطب ابدال کہتے ہیں رسول ﷲ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا نائب ہوتاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی طرف سے اس کے قلب پر جو کچھ القاہوتا ہے اس کے مطابق وہ آگے امر کو جاری کرتا ہے۔ روزانہ وہ ابدال کے ساتھ دربار میں بیٹھتاہے اور امتِ محمدیہ اور اقوامِ عالم کے بارے میں فیصلے صادر کرتا ہے۔ جو امر اﷲ کی طرف سے نازل ہوتاہے وہ امر رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے ذریعہ غوث تک پہنچتا ہے۔ (حقیقتِ ابدال و رجالِ غیب) 

امانتِ الٰہیہ و خلافتِ عظمیٰ عطا ہونے کے بعد مسند ِتلقین و ارشاد سنبھالنا سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس پر فرض ہوچکا تھا۔

26دسمبر 2003ء (2ذیقعد 1424ھ) بروز جمعتہ المبارک اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے وصال کے اگلے دِن آپ مدظلہ الاقدس مرشد کی جدائی کے غم میں نڈھال ان کے مزار پاک پر حاضری کے لیے تشریف لے گئے ۔ جب تربت مبارک کا بوسہ لینے کے لیے سر جھکایا تو مزارِ یار سے ندا آئی اَنْتَ اَنَا وَ اَنَا اَنْتَ  ترجمہ: ’’تو میں ہے اور میں توں ہوں۔‘‘ یعنی اب ہم ایک ہیں، تو میرا ہی نیا روپ ہے اور میری جگہ اب تیری جگہ ہے، میری مسند اب تیری مسند ہے۔مزار مبارک سے باہر آتے ہی آپ مدظلہ الاقدس نے یہ رباعی ارشاد فرمائی:

جھکا  جب  مزارِ   یار پر، اَنْتَ اَنَا وَ اَنَا اَنْتَ   کی  آئی   صدا
کی عرض کہ اس قابل نہیں ہوں، فرمایا یہی تو ہے ہماری عطا
دیکھ ذرا قلب کے اندر کہ یہ تو ہے کہ میں
دنیا اور وجود اپنا چھوڑ کر میں قالب تیرے میں آبسا

اس حاضری کے فوراً بعد بحکمِ آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ،سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُرحمتہ اللہ علیہ اور سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ آپ مدظلہ الاقدس نے مسند ِتلقین و ارشاد سنبھال لی کیونکہ جس طرح ظاہری دنیا میں اصول ہے کہ بادشاہ کا تخت کبھی خالی نہیں رہتا اسی طرح باطنی دنیا کا بھی اصول ہے کہ مسندِتلقین و ارشاد کبھی خالی نہیں رہتی ، ایک ولی کے وصال کے فوراً بعد اس کا روحانی وارث اس مسند پر فائز ہو جاتا ہے۔ مسند پر فائز ہوتے ہی آپ مدظلہ الاقدس کو ’’سلطان محمد‘‘ کا لقب عطا کر دیا گیا۔

سونے کے اسمِ اللہ ذات اور سلطان الاذکار ’’ھُو‘‘ تو آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کی حیاتِ مبارکہ میں ہی ان کے حکم سے عطا فرمانا شروع کر دئیے تھے۔ مسندِتلقین و ارشاد سنبھالنے کے بعد ابھی آپ مدظلہ الاقدس نے ظاہری طور پر لوگوں کو دعوتِ فقر دینے کا کوئی اقدام بھی نہ کیا تھا کہ اللہ کے فضل سے طالبانِ مولیٰ خود بخود آپ مدظلہ الاقدس کی طرف کھنچے چلے آنے لگے ، آپ مدظلہ الاقدس نے انہیں بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات اور ذکرِ ھُوعطا فرمانا شروع کر دیا۔ ابھی بیعت کا آغاز نہ کرنے میں ایک حکمت پوشیدہ تھی۔ 

مرشد کے وصال کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس شدید صدمہ کی حالت میں تھے، اسی صدمہ کے زیرِ اثر آپ نے ایک سال تنہائی اور خلوت نشینی میں گزارا۔ اصلاحی جماعت کا کام تو آپ مدظلہ الاقدس مرشد پاک کی زندگی میں ہی اُن کے حکم سے بند کر چکے تھے لیکن رسالہ مرآۃ العارفین اور دیگر شعبہ جات کی ذمہ داریاں آپ مدظلہ الاقدس نبھا رہے تھے۔ آہستہ آہستہ یہ ذمہ داریاں بھی آپ سے واپس لی جانے لگیں اور اگست 2004ء تک آپ مدظلہ الاقدس کو عملی طور پر اصلاحی جماعت کے تمام شعبہ جات سے مکمل طور پر الگ کر دیا گیا۔ آپ مد ظلہ الاقدس بھی بحث و تکرار کرنے کی بجائے خاموشی سے علیحدہ ہو گئے۔ 

فقر کے مشن کو آگے بڑھانے اور لوگوں کو اسمِ اللہ ذات کی حقیقت سے آگاہ کرنے اور راہِ فقر کی دعوت دینے کے لیے آپ مد ظلہ الاقدس نے کتاب’’حقیقت اسمِ اللہ  ذات‘‘ طبع کروائی اور اسے لاہور میں28جولائی 2005 ء (21جمادی الثانی 1426ھ) بروز جمعرات سے فی سبیل اللہ تقسیم کرنے کا آغاز فرمایا تاکہ لوگ اس کو پڑھ کر ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کے حصول کی کوشش کریں۔ اسے پڑھ کر جن لوگوں نے دعوت اسمِ اللہ ذات کو قبول فرمایا اور وہ لوگ جو آپ مدظلہ الاقدس کی گوشہ نشینی کے عرصہ کے دوران آپ سے ذکرِ اسمِ اللہ ذات حاصل کر چکے تھے ان کو آپ مد ظلہ الاقدس نے 14اگست2005ء (7رجب1426ھ) کو دست ِ بیعت فرما یا ۔14اگست کے بابرکت دِن کا انتخاب آپ مدظلہ الاقدس نے اس لیے فرمایا کہ یہی آپ کے محبوب مرشد کا یومِ ولادت بھی ہے۔ اس مشن کے لیے آپ مد ظلہ الاقدس نے مصطفی ٹاؤن میں اپنے گھرکو مرکز بنایا۔ (کیونکہ اس وقت آپ کے ایجوکیشن ٹاؤن والے گھر پر مکتبہ العارفین ، ماہنامہ مرآۃ العارفین اور اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کا دفترقائم تھا جسے آپ نے تما م تر زیادتیوں کے باوجود واپس نہ لیا تھا، حالانکہ آپ سے مکتبہ، میگزین اور تنظیم کی تمام ذمہ داریاں اور عہدے واپس لے لیے گئے تھے۔ جولائی2009ء تک تنظیم کے لوگ اس پر قابض رہے۔بعدازاں اسے خالی کروا لیا گیا اور اب اس میں خانقاہ سلسلہ سروری قادری اور تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کے دفاتر قائم ہیں۔ )

دعوتِ فقر کو پورے ملک میں عام کرنے کے لیے آپ مد ظلہ الاقدس نے روز نامہ نوائے وقت، روز نامہ جنگ اور روز نامہ خبریں کے تمام پاکستان سے شائع ہونے والے ایڈیشنوں کے بیک پینل پر کتاب ’’حقیقت اسمِ اللہ ذات ‘‘ فی سبیل اللہ منگوانے کے لیے اشتہارات شائع کروائے جس سے ہزاروں کی تعداد میں کتب فی سبیل اللہ پاکستان بھر میں تقسیم ہوئیں۔ لوگوں نے دعوت اسمِ اللہ  ذات کو قبول کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے لوگوں کی دعوت پر دعوتی اور تبلیغی دورے بھی فرمائے اور لوگوں کے پاس جاکر اسمِ اللہ   ذات کا فیض عام کیا ۔ جو لوگ آپ مد ظلہ الاقدس کے حلقۂ ارادت میں آئے اُن کی تربیت کے لیے آپ مدظلہ الاقدس نے سلسلہ اسباق جاری فرمایا جن میں راہِ فقر، مرشد کامل، دیدارِ الٰہی، طالبِ مولیٰ،ذکر و تصورِ اسمِ اللہ ذات جیسے موضوعات پر تفصیلاً حقائق پہلی بار طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی کے لیے شائع کیے گئے۔یوں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے دینِ حنیف کے احیا اور فقر ِ حقیقی کی طرف امتِ محمدیہ کو دعوت دے کر اس کی فلاح کی جدو جہد کا آغاز فرمایا جو تا حال جاری ہے۔