حقیقی توبہ | Haqeeqi Touba
حقیقی توبہ
ارشاد ِ باری تعالیٰ ہے:
اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ التَّوَّابِیْنَ (البقرہ۔222)
ترجمہ: بے شک اللہ توبہ کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
توبہ کی تعریف:
خطائوں اور معصیت (گناہ) سے جس توبہ کا ہم سے بار بار مطالبہ کیاگیا ہے اس کی حقیقت سے واقف ہونا نہایت ضروری ہے۔ اگر توبہ کی حقیقت سے واقفیت نہ ہو تو صرف زبان سے توبہ توبہ کہنا کافی نہیں ہے۔
لغت میں توبہ کے معنی و مفہوم لوٹنے اور رجوع کرنے کے ہیں۔ علامہ رازی ؒ نے مختار الصحاح میں لکھا ہے:
’’توبہ گناہ اور معصیت و نافرمانی سے تائب ہو کر نیکی کی طرف لوٹنے کو کہا جاتا ہے۔‘‘
شریعت کی رو سے اللہ کی نافرمانی اور معصیت و گناہ کو ترک کر کے اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری اختیار کرنے کو توبہ کہتے ہیں اور طریقت کی رو سے فَفِرُّوٓا اِلَی اللّٰہ ترجمہ: ’’دوڑو اللہ کی طرف‘‘ یعنی اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کو اختیار کر کے ماسویٰ اللہ سے تائب ہونے اور واحد اللہ کی طرف رجوع کرنے کو توبہ طریقت کہا جائے گا۔
حقیقی توبہ
حقیقی توبہ کے لئے علما کرام نے چند شرائط کا ذکر کیا ہے، چنانچہ امام قرطبی ؒ فرماتے ہیں:
٭ (یقینا سچی اور حقیقی توبہ) یہ ہے کہ (اس میں درج ذیل چیزیں پائی جائیں)
1 ۔ گناہ پر دل سے نادم ہونا
2 ۔ فوری طور پر ترکِ گناہ
3۔ پکا ارادہ کرے کہ دوبارہ اس معصیت کا ارتکاب نہیں کرے گا ۔
4۔ اور مندرجہ بالا تمام افعال سے توبہ اللہ ربّ العزت کی حیا کی بنا پر ہو۔
مراتبِ توبہ
توبہ کے تین مراتب ہیں:
1 ۔ توبہ کا سب سے اہم اور لازمی درجہ ترکِ کفر اور قبولِ ایمان ہے۔
2 ۔ دوسرا درجہ کبیرہ گناہوں سے توبہ کا ہے۔
3 ۔ تیسرا درجہ صغائر یعنی گناہِ صغیرہ سے توبہ کرنا۔
اقسامِ توبہ حقیقی
توبہ کی دو اقسام ہیں:
1 ۔ واجب توبہ
2 ۔ مستحب توبہ
واجب توبہ: کسی بھی حکمِ الٰہی کو ترک کرنے یا ممنوع و خلافِ شریعت کام کرنے سے توبہ کرنا فی الفور واجب اور ضروری ہے اور یہ توبہ کرنا تمام اہلِ ایمان مکلفین پر واجب ہے۔
مستحب توبہ: مکروہات کو ترک کرنا اور مکرو ہات کے مرتکب ہونے پر توبہ کرنا مستحب ہے۔
حقیقی اور سچی توبہ کی شرائط
1 ۔ تائب ہونا۔ جلد از جلد معصیات و گناہ سے باز آنا۔
2۔ ندامت و شرمندگی۔ تمام سابقہ گناہوں پر دل سے نادم ہو نا۔
حضور پُر نور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے:
الندم التوبہ ترجمہ: گناہوں، خطائوں پر ندامت توبہ ہے۔
ندامت ہی توبہ کا رکن ِ اعظم ہے۔
3 ۔ دوبارہ گناہ و معصیت نہ کرنے کا عزم کرنا ۔
4 ۔ حقوق العباد کی ادائیگی یا ان سے معاف کرانا۔ (تفسیر ابن ِ کثیر، تفسیر الخازن)
ریاض الصالحین میں امام شرف النووی رحمتہ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ اگر معصیت کا تعلق آدمی سے ہو تو اس کے لئے چار شرائط ہیں۔ تین تو وہ ہیں جن کا تذکرہ اوپر گزر چکا ہے اور چوتھی شرط یہ ہے کہ خود کو حقوق العباد سے بری کرے مثلاً اگر کسی کا مال یا اسطرح کی کوئی اور چیز لی ہے تو وہ حقدار کو واپس لوٹا دے۔ اگر کسی پر جھوٹی تہمت وغیرہ لگائی ہے تو اس سے معافی طلب کرے اور اگر کسی کی غیبت کی ہے تو اس کی بھی معافی مانگے ۔
5 ۔ توبہ النصوح یعنی حقیقی سچی توبہ کی پانچویں شرط یہ ہے کہ طالب توبہ اخلاص کو اختیار کرے۔
اخلاص کیاہے؟اللہ کے عذاب کے خوف اور اس کی رحمت، مغفرت اور ثواب کی امید پر گناہوں کو ترک کرنا اخلاص کہلاتا ہے۔
6۔ چھٹی شرط یہ ہے کہ توبہ کرنے کا عمل’’ توبہ کے وقت ‘‘ میں سرانجام دے بلکہ ہر وقت توبہ کرے۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا قول مبارک ہے:
٭ ’’توبہ‘‘ روح کا غسل ہے۔ یہ جتنی بار کی جائے روح میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
اب سوال یہ پید ا ہوتا ہے کہ توبۃ النصوح یعنی حقیقی توبہ کسے کہتے ہیں؟ اللہ جل شانہٗ نے قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں اپنے بندوں کو ’’توبۃ النصوح ‘‘ یعنی حقیقی توبہ کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا تُوْبُوْٓا اِلَی اللّٰہ تَوْبَۃً نَّصُوْحًا(سورۃ التحریم۔8)
ترجمہ: اے ایمان والو! توبہ کرواللہ کی طرف ، صاف سچے دل کی توبہ۔
مندرجہ بالا سوال کا جواب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، تابعین کرام، سلف الصالحین اور مفسرین کرام کے اقوال کی روشنی میں تلاش کرتے ہیں۔
’’نصوحاً‘‘ النصح سے ماخوذ ہے اور عربی میں سلائی کرنے کو النصح کہا جاتا ہے۔ گویا ’’توبۃ النصوح ’’ حقیقی توبہ‘‘ گناہوں کے باعث ہونے والی پھٹن کو رفو کرکے ایسے ختم کر دیتی ہے جس طرح ایک درزی اور رفوگر کسی پھٹے ہوئے کپڑے کو سلائی اور رفو کر کے اس کی پھٹن کو بالکل ختم کر دیتے ہیں۔ توبۃ النصوح کو حقیقی، خالص، سچی، محکم و پختہ توبہ بھی کہا جاتا ہے۔’’ نصوحًا ‘‘ کو ’’ن‘‘ کے ضمہ کے ساتھ بھی پڑھا جاتا ہے جس سے مراد ایسی ’’ توبہ‘‘ ہے کہ جس سے مومن نصیحت حاصل کرے۔ (تفسیر المعانی)
٭ امام قرطبیؒ نے لکھا ہے کہ ’’توبۃ النصوح‘‘ کا مطلب خالص ہونا ہے۔ ملاوٹ سے پاک شہد کو ’’ عسل ناصح‘‘ کہتے ہیں اور بعض کا کہنا ہے کہ یہ ’’نصاحۃ‘‘ بمعنی سلائی سے ماخوذ ہے اس ماخذ کی دو وجوہات ہیں۔
1 ۔ تو بہ حقیقی مومن کا اطاعت ِ الٰہی کو محکم و پختہ کرنا ہے جس طرح کہ درزی سلائی سے کپڑے کو محکم و پختہ کر دیتا ہے۔
2 ۔توبہ حقیقی نے اسے یعنی توبہ کرنے والے کو اللہ کے اولیا کے ساتھ محبت کا رشتہ استوار کرنے کی توفیق بخشی، جوڑ دیا اور ملادیا اور جمع کیا جیسا کہ درزی سلائی کے ذریعے کپڑے کو اور اس کے مختلف حصوں کو آپس میں ملا اور جوڑ دیتا ہے۔ (تفسیر قرطبی)
٭ حضرت معاذ رضی اللہ عنہٗ کے ایک سوال کے جواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا کہ ’’ توبۃ النصوح‘‘ یہ ہے کہ بندہ اپنے کئے ہوئے گناہ سے نادم ہو کر اللہ کی طرف یوں دوڑے کہ دوبارہ گناہ کی طرف نہ لوٹے یہاں تک کہ دودھ تھنوں میں واپس لوٹ جائے۔ (تفسیر در المنشور)
حضرت عمر ؓ سے توبۃ النصوح حقیقی توبہ کے بارے میں پوچھا گیا تو آپؓ نے فرمایا کہ آدمی بُرے عمل سے تائب ہو اور پھر کبھی اس کی طرف لوٹ کر نہ جائے۔
٭ حضرت حسنؓ نے فرمایا ’’توبۃ نصوح یہ ہے کہ تو گناہ سے ویسے ہی نفرت کرے جیسے کہ تو نے اس سے محبت کی اور جب تجھے یاد آئے تو اس سے توبہ و استغفار کر۔‘‘ (بحوالہ تفسیر، ابن ِ کثیر)
٭ امام دحیہ کلبی رضٰ اللہ عنہ نے فرمایا کہ ’’توبۃ النصوح‘‘ یعنی حقیقی توبہ یہ ہے کہ زبان سے استغفار کرے، دل سے ندامت اختیار کرے اور اپنے بدن کو قابو میں رکھے۔ (تفسیر الخازن)
٭ حضرت قتادہؓ نے فرمایا کہ سچی نصیحت آمیز توبہ کو ’’توبۃ النصوح‘‘ کہتے ہیں۔
٭ حضرت سعید بن جبیر ؓ فرماتے ہیں ’’ توبۃ النصوح‘‘ مقبول توبہ کو کہتے ہیں اور توبہ اس وقت تک قبول نہیں کی جاتی جب تک اس میں مندرجہ ذیل تین چیزیں نہ پائی جائیں:
1 ۔ عدم قبولیت کا خوف موجود رہے۔
2 ۔ قبولیت کی امید ہو۔
3 ۔ طاعت پر ثابت قدمی ہو۔
٭ محمد بن سعید قرطبی ؓ کہتے ہیں کہ’’توبۃ النصوح‘‘ چار شرائط کے پائے جانے کانام ہے۔
1 ۔ زبان سے استغفار کرنا ۔
2 ۔ بدن سے گناہوں کو اکھیڑ پھینکنا۔
3 ۔ دل سے دوبارہ لوٹنے کے ترک کا اظہار کرنا یعنی استقامت کے ساتھ اس پر قائم رہنا۔
4 ۔ برے دوستوں کی صحبت سے دوری اختیار کرنا ۔
٭ حضرت سفیان ثوری رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
چار چیزیں ’’توبۃ النصوح‘‘ مقبول توبہ کی علامت ہیں:
1 ۔ گناہوں کو زائل کرنا
2 ۔ اللہ کی یاد میں دل لگانا یا تشویش میں مبتلا ہونا یعنی نادم و شرمندہ ہونا ۔
3 ۔ انکساری اور تابعداری اختیار کرنا۔
4 ۔ گناہوں سے دوری و جدائی اختیار کرنا ۔
٭ فضیل بن عیاض ؓ نے فرمایا:
توبہ کے بعد گناہ اس کی آنکھوں میں کھٹکے گویا گناہ کو برابر دشمنی کی نگاہ سے دیکھے یا دیکھ رہا ہو ۔
٭ ابوبکر واسطیؓ نے فرمایا:
’’توبۃ النصوح‘‘ خالص توبہ کا نام ہے نہ کہ معاوضہ کا۔ اس لئے کہ جس نے دنیا میں اپنے نفس کی سہولت اور مفاد کی خاطر گناہ کیا اور پھر اس نفس کی سہولت کے پیش نظر توبہ کی تو اس کی توبہ اپنے نفس کے لئے ہوگی نہ کہ اللہ کیلئے۔ ( تفسیر ثعلبی ۔9۔35)
٭ حضرت رابعہ بصری رحمتہ اللہ علیہا نے کہا:
ایسی توبہ جس میں گناہ کی طرف لوٹنے کا خیال نہ ہو مقبول و حقیقی توبہ کہلاتی ہے۔
٭ حضرت ذوالنون مصریؒ نے فرمایا توبۃ النصوح کی تین علامتیں ہیں:
1 ۔ قلت ِ کلام (کم بولنا)
2 ۔ قلت ِطعام ( کم کھانا)
3 ۔ قلت ِ منام ( کم سونا)
٭ شفیق بلخیؒ نے فرمایا کہ توبۃ النصوح کرنے والا بکثرت اپنے نفس پر ملامت کرے اور ندامت اس سے کبھی جد انہ ہو تاکہ وہ گناہوں کی آفتوں سے سلامتی کے ساتھ نجات پا سکے۔
٭ حضرت سری سقطیؒ نے فرمایا ’’توبۃ النصوح‘‘ ایمان والوں کو اصلاحِ نفس کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی۔ اس لئے کہ جس کی توبہ درست قرار پائی تو وہ اس بات کو پسند کرے گا کہ سب لوگ اس کی طرح توبۃ النصوح کرنے والے ہوں۔(تفسیر ثعلبی)
٭ حضرت جنید بغدادیؒ نے فرمایا:
توبۃ النصوح یہ ہے کہ انسان گناہوں کو ایسے بھول جائے کہ پھر اس کا تذکرہ بھی نہ کرے کیونکہ جس کی توبہ درست قرار پائی وہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والا بن جاتا ہے اور جس نے اللہ تعالیٰ سے محبت کی وہ اللہ کے ماسویٰ کو بھول گیا۔
٭ حضرت سہل بن عبداللہ تستری ؒ نے فرمایا:
’’توبۃ النصوح اہل ِسنت والجماعت کی توبہ کا نام ہے اس لئے کہ بدعتی و بدمذہب کی کوئی توبہ نہیں‘‘ اور انہوں نے یہ استدلال حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے اس ارشاد ِ مبارکہ کی وجہ سے کیا ہے کہ اللہ جلّ شانہٗ نے ہر صاحب ِبدعت کو توبہ کرنے سے محجوب کر دیا ہے۔
٭ ابو عبداللہ ؒ کہتے ہیں کہ دس چیزوں کا نام توبۃ النصوح ہے:
1 ۔ جہل سے نکلنا
2 ۔ اپنے برے فعل پر نادم ہونا
3 ۔ خواہشات (نفسانی) سے دوری اختیار کرنا
4 ۔ سوال کئے جانے والے نفس کی پکڑ کا یقین
5 ۔ ناجائز معاملات کی تلافی کرنا
6 ۔ ٹوٹے ہوئے رشتوں کا جوڑنا
7 ۔ جھوٹ کو ساقط کرنا
8 ۔ بُرے دوست کو چھوڑنا
9 ۔ معصیت سے خلوت اختیار کرنا
10 ۔ غفلت کے طریق سے جدائی اختیار کرنا
٭ علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ لکھتے ہیں:
توبۃ النصوح حقیقی توبہ سے مراد صاف دل کی توبہ ہے وہ یہ کہ دل میں پھر اس گناہ کا خیال نہ رہے۔ اگر توبہ کے بعد انہی خرافات و معصیات کا خیال پھر آیا تو سمجھو کہ توبہ میں کچھ کسر رہ گئی ہے اور گناہ کی جڑ دل سے نہیں نکلی ۔ ( تفسیر عثمانی سورۃ التحریم)
توبہ کی مہلت
ہر انسان اپنی زندگی میں موت کا وقت آنے سے پہلے پہلے توبہ کرلے کیونکہ سانسیں اکھڑنے کے بعد کی جانے والی توبہ اللہ کی بارگاہ میں مقبول نہیں۔ ارشادِ ربّانی ہے:
وَلَیْسَت ِ التَّوْبَۃُ لِلَّذِیْنَ یَعْمَلُوْنَ السَّیِّاٰتِج حَتّٰیٓ اِذَاحَضَرَ اَحَدَ ھُمُ الْمَوْتُ قَالَ اِنِّیْ تُبْتُ الْئٰنَ ولَا الَّذِیْنَ یَمُوْتُوْنَ وَھُمْ کُفَّارٌط اُولٰٓئِکَ اَعْتَدْنَا لَھُمْ عَذَابًا اَلِیْمًا۔ (سورۃ النساء۔18)
ترجمہ: اور ایسوں کی توبہ (قابل ِ قبول) نہیں جو گناہ اور بُرے کام کرتے چلے جائیں یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کے سامنے موت آجائے تو کہے ’’میں توبہ کرتا ہوں‘‘ اور نہ ایسوں کی توبہ جو حالت ِ کفر میںمر جاتے ہیں ۔ ان کے لئے ہم نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔
رسول رحمتہ اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:
اِنَّ اللّٰہ یقبل توبۃ العبد مالم یعرغر ۔(سنن الترمذی کتاب الدعوات)
ترجمہ: بے شک اللہ رحمتہ اللعالمین بندے کی توبہ اس وقت تک قبول فرماتا ہے جب تک اس کی روح گلے تک نہ پہنچے۔
اس سے پہلے پہلے توبہ کر لے۔ یعنی جب تک اس کی سانسیں نہ اکھڑ جائیں۔
ایک اور حدیث مبارکہ کے مطابق توبہ اس وقت تک قابل ِقبول ہے جب تک کہ سورج مغرب سے طلوع نہ ہونے لگے۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا:
من تاب قبل تطلع الشمس من مغربھا تاب للّٰہ علیہ۔
ترجمہ: جس نے سورج کے مغرب سے طلوع ہونے سے قبل توبہ کی اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرمائے گا۔ (صحیح مسلم کتاب الذکرودعا)
توفیق توبہ کے لحاظ سے لوگوں کی اقسام
اللہ ربّ العزت کی جانب سے توبہ کی توفیق ملنے کے اعتبار سے لوگوں کی مختلف اقسام کا تعین کیا جاسکتا ہے۔
1 ۔ قسم ِ اوّل:
قسم اوّل ان لوگوں کی ہے جن کو زندگی بھر سچی توبہ کی توفیق نہیںملتی۔ ان کی تمام عمر گناہوں کی انجام دہی میں صرف ہو جاتی ہے۔ وہ زبانی توبہ کرتے رہتے ہیں لیکن حقیقتاً گناہوں سے تائب نہیں ہوتے۔ یہاں تک کہ اسی حالت میں ان کو موت اپنی آغوش میں لے لیتی ہے۔ اس حالت کو بدبخت لوگوں کی حالت کہا جاتا ہے جن کو توفیق ِ توبہ نہیں ملتی۔
2 ۔ قسم دوم:
اس سے بھی بدقسمت وہ لوگ ہیں جن کا ابتدا سے لے کر آخر عمر تک تمام عرصہ حیات نیک اعمال میں صرف ہوتا ہے مگر آخری وقت میں کسی بُرے عمل میں مبتلا ہوجاتے ہیں جیسا کہ صحیح حدیث میں آیا ہے ’’تم میں سے بعض لوگ اہل ِجنت والے اعمال (اعمالِ صالح) اختیار کرتے ہیں یہاں تک کہ ان کے اور جنت کے درمیان ایک بالشت کا فاصلہ رہ جاتا ہے پھر ان پر تقدیر غالب آجاتی ہے اور وہ جہنمی لوگوں والا عمل اختیار کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے جہنم میں داخل ہونے کے حق دار بن جاتے ہیں۔( صحیح بخاری کتاب الانبیاء)
3 ۔ قسم سوم۔ اعلیٰ و ارفع قسم:
قسم سوم ان لوگوں کی ہے جو اپنی زندگی کا ہر لمحہ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزارتے ہیں۔ پھر موت سے قبل ان کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ اب اللہ سے ملاقات کا وقت آن پہنچا ہے تو وہ اس ملاقات کی تیاری میں لگ جاتے ہیں۔ اور ایسا زادِ راہ و توشہ اختیار کرتے ہیں جو اس ملاقات کے شایانِ شان ہو۔ یہ مومنوں کی سب سے اعلیٰ و ارفع قسم ہے۔
حضرت ابنِ عباس ؓ فرماتے ہیں:
٭ توبۃ النصوح کی اعلیٰ و ارفع مثال اسوئہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہیں۔ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر سورۃ النصر نازل ہوئی جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دنیا سے رخصت ہونے کے بارے میں اشارہ فرمایا گیا تھا توآپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اپنی تمام تر صلاحیتیں، توانائیاں اور کوششیں (اپنی اُمت کے لئے مثال چھوڑنے کے لئے) آخرت میں کام آنے والے اعمالِ صالحہ میں صرف کرنے لگے جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا معمول تھا۔ ( تفسیر الدرالمنشور، سورۃ النصر، تفسیر ابن ِ کثیر)
حضرت اُمِ سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہافرماتی ہیں:
٭ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم حیات کے آخری لمحات میں اٹھتے بیٹھتے آتے جاتے ہر وقت سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ کہا کرتے تھے۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ ٖوسلم سے اس کثرتِ ذکر کے بارے میں پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا :
’’مجھے اس کا حکم دیا گیا ہے پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے سورۃ النصر کی تلاوت فرمائی۔‘‘ (تفسیر ابن ِ کثیر سورۃ النصر، تفسیر القرطبی سورۃ النصر)
توبۃ النصوح کا طریقہ
علما کرام فرماتے ہیں کہ بندہ جن گناہوں کا مرتکب ہو ان سے توبہ کا طریقہ یہ ہے کہ دیکھا جائے کہ گناہ کا تعلق اور نوعیت کس طرح کی ہے، گناہ کا تعلق حقوق اللہ سے ہے یا حقوق العباد سے۔ اگر اللہ ربّ العزت کے حقوق میں سے کوئی حق ہے جیسا کہ ترکِ نماز، ترکِ روزہ یا ترکِ زکوٰۃ وغیرہ تو اس گناہ سے توبہ اس وقت تک درست نہیں ہو سکتی جب تک قلبی ندامت کے ساتھ فوت شدہ نمازوں کی قضا نہ پڑھ لے۔ اسی طرح روزہ اور زکوٰۃ کا معاملہ ہوگا کہ جب تک سابقہ روزوں اور زکوٰۃ کی ادائیگی نہیں کرے گا اسوقت تک اس کی توبہ حقیقی اور کامل نہ ہوگی۔
اگر گناہ کا تعلق حقوق العباد سے ہے یعنی کسی کو ناحق قتل کیا تو اسلام میں اس کا قصاص درج ہے۔ پس اپنے آپ کو قصاص کے لئے پیش کرے اگر مقتول کے ورثا نے اس کا تقاضا کیا ہے ورنہ دیت ادا کرے۔ اگر کسی پر جھوٹی تہمت لگائی ہے جس سے ’’حد‘‘ لازم آتی ہے تو اپنے آپ کو اس کے لئے پیش کرے۔ اگر قتل اور تہمت کے معاملات میں اسے معاف کر دیا گیا ہے تو نہایت اخلاص کے ساتھ ندامت اختیار کرے اور آئندہ نہ کرنے کا مصمم ارادہ کرے۔ اسی طرح چور، ڈاکو، زانی،شرابی بھی توبہ کو بجا لائیں اور اپنی اصلاح کرلیں تو ان کی توبہ درست ہو جائے گی۔
اگر گناہوں کا تعلق کسی کے حقوق کی ادائیگی سے ہے اور اگر قدرت اور استطاعت رکھتا ہے تو فوراً صاحب ِحق کا حق ادا کرے اور اگر فوری ادائیگی کی استطاعت نہ رکھتا ہو تو جتنی جلدی ممکن ہو قدرت ہونے پر ادائیگی کا پکا سچا ارادہ و عزم کرلے۔
اگر کسی مسلمان کو نقصان پہنچانے کا سبب اختیار کیا تو فوری طور پر اس سبب ِ نقصان کو زائل کر دے مثلاً کسی کو سود پر رقم دی ہو تو سود معاف کر دے اسطرح اسکا یہ سبب ِ پریشانی و نقصان زائل ہو جائے گا پھر اپنے اس مسلمان بھائی سے معافی بھی طلب کرے اور اس کے لیے اور اپنے لئے استغفار بھی کرے اور اگر صاحب ِ حق نے معاف کر دیا تو اس گناہ سے بری ہو جائے گا۔ اسی طرح کسی کو کسی بھی طرح کا ضرر یا نقصان پہنچایا ہو یا ناحق اسے ستایا ہو تو صاحب ِ حق سے نادم ہو کر معافی مانگے اور آئندہ کسی کے بھی ساتھ ایسا نہ کرنے کا عزمِ مصمم کرے اور برابر صاحب ِ حق سے معافی طلب کرے یہاں تک کہ مظلوم اسے معاف کر دے تو اس کے وہ گناہ معاف ہو جائیں گے۔ (تفسیر القرطبی)
مندرجہ بالا بحث سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ والدین، اساتذہ، بزرگوں کی دل آزاری کرنا یا کسی مجبور و لاچار کی دل آزاری کرنا بھی گناہ کے زمرے میں آتا ہے اور والدین، اساتذہ، بزرگوں اور مرشد ِ کامل اکمل کی دل آزاری سخت گناہ میں شمار ہوتی ہے اس لئے اولاد، طالبِ علم اور سالکین کو ان معاملات میں ان گناہوں سے بچنا چاہیے اور والدین، اساتذہ، بزرگوں اور مرشد کامل اکمل کی دل آزاری اور نافرمانی سے بچنا چاہئے کیونکہ یہ وہ نفوس ہیں جن کی وجہ سے انسان اور اس کے ارادے و عقائد پرورش پاتے اور استحکام حاصل کرتے ہیں۔ ان کی نافرمانی گناہ بن کر راہِ حق میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہے۔ یہی طریقہ تمام معاصی و گناہوں اور لغزشوں کا ہے۔
طریقِ سلف الصالحین
صاحبانِ سلف الصالحین کی رائے مبارکہ ہے کہ جس شخص کی موت کسی نیک عمل کی ادائیگی روزہ، حج، عمرہ یا جہاد کے دوران یا فوراً بعد واقع ہو جائے تو اللہ ربّ العزت کی رحمت ِکاملہ سے امید ہے کہ وہ جنت میں داخل ہوگا۔ بذاتِ خود اکابرین سلف الصالحین عمر بھر نیک اعمال کی انجام دہی میں صرف کرنے کے باوجود موت سے قبل اور بوقت آثارِ موت توبہ و استغفار کا اہتمام کرتے اور اپنا عمل استغفار اور کلمہ طیب ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ ‘‘اور ذکر الٰہی پر ختم کیا کرتے۔
دعوتِ توبۃ النصوح
قارئین و سالکین ِدعوتِ فقر! آج کے دور میں انسان گناہ و معصیات کے بحر عمیق میں ڈوبا ہوا ہے۔ نفس ِ بشری خطا و لغزشوں سے بچا ہو ا نہیں لیکن لا تقنطومن رحمۃ اللّٰہ کے مصداق اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں۔ ہر وہ شخص جس نے گناہ و معصیت کے ذریعے اپنے نفس پر ظلم و زیادتی کی ہے اسے تحریک دعوتِ فقر اور بانی تحریک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جانب سے خوشخبری ہو کہ اللہ کریم غفور الرحیم اپنے کلام پاک میں انہیں توبہ و رجوع الی اللہ کی دعوت دے رہا ہے اور یہ اعلانِ عالی شان بھی فرما رہا ہے کہ وہ تمام گناہوںاور معصیات کی لغزشوں کو معاف کرنے والا بھی ہے قرآنِ مجید میں ربّ العالمین کا ارشاد ِ گرامی ہے:
قُلْ یَا عِبَادِیَ الَّذِیْنَ اَسْرَفُوْا عَلٰٓی اَنْفُسِھِمْ لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَۃِ اللّٰہِ ط اِنَّ اللّٰہَ یَغْفِرُ الذَّنُوْبَ جَمِیْعًاط اِنَّہٗ ھُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ۔ وَاَنِیْبُوْٓا اِلٰی رَبِّکُمْ وَاَسْلِمُوْالَہٗ مِنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَکُمُ الْعَذَابُ ثُمَّ لاَ تُنْصَرُوْنَ۔ (سورۃ الزمر ۔54۔53)
ترجمہ: (اے نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) فرما دیجئے اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جانوں کے ساتھ زیادتی کی اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہوں۔ بے شک اللہ تمام گناہ بخشنے والا ہے۔ وہی تو ہے جو تمام گناہ معاف کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے۔ اور تم اپنے ربّ کی طرف توبہ کرو اور اس کے اطاعت گزار بن جاؤ۔ اس سے پہلے کہ تم پر عذاب نازل ہو تو پھر کوئی تمہاری مدد کو نہ آئے گا۔
ایک اور جگہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے :
وَاِنِّیْ لَغَفَّارٌ لِّمَنْ تَابَ وَاٰمَنْ وَعمِلَ صَالِحًا ثُمَّ اھْتَدٰی۔ (سورۃ طہٰ۔ آیت 82)
ترجمہ : اور بیشک میں بہت زیادہ بخشنے والا ہوں اس کو جو توبہ کرے اور ایمان لائے اور اچھے کام کرے اور پھر اسی راہ پر قائم رہے۔
حضرت ابن ِ عباسؓ اس آیت ِ مبارکہ کی تفسیر میںفرماتے ہیں:
جس نے اس کے بعد اللہ کے بندوں کو توبہ سے مایوس کیا تو گویا اس نے کتاب اللہ کا انکار کیا۔ (بحوالہ تفسیر ابن کثیر)
حماد بن سلمہؒ جب سفیان ثوریؒ کی عیادت کے لئے آئے تو ان سے پوچھا کہ اللہ تعالیٰ میرے جیسے شخص کی مغفرت فرمائے گا؟
تو حماد بن سلمہؒ نے فرمایا:
’’اللہ کی قسم! اگر مجھے اللہ اور اپنے والدین میں سے کسی ایک کا محاسبہ اختیار کرنے کا کہا جائے تو میں اللہ کے محاسبہ کواختیار کروں گا۔ وہ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ میرے ساتھ میرے والدین سے زیادہ رحم کرنے والا اور محبت کرنے والا ہے ۔
٭ ابن ِ قوامہؒ نے اپنی کتاب ’’کتاب التوابین‘‘ میں ایک نوجوان کا قصہ نقل کیا ہے کہ رجاء بن سورکہتے ہیں:
ایک دن حضرت صالح کی مجلس میں بیٹھے ہوئے تھے اور وہ گفتگو فرما رہے تھے۔ انہوں نے اپنے پاس بیٹھے ایک نوجوان سے کہا ’’اے نوجوان! قرآن میں سے پڑھو۔ ‘‘ اس نوجوان نے اللہ تعالیٰ کے کلام میں سے اس آیت کی تلاوت کی:
وَ اَنْذِرْھُمْ یَوْمَ الْاَزِفَۃِ اِذَا الْقُلُوْبُ لَدَی الْحَنَاجِرِ کٰظِمِیْنَ ج مَا لِلظّٰلِمِیْنَ مِنْ حَمِیْمٍ وَ لَا شَفِیْعٍ یُطَاعُ. (المومن۔18)
ترجمہ: اور آپ ان کو قریب آنے والی آفت کے دن سے ڈرائیں جب ضبط ِ غم سے کلیجے منہ کو آئیں گے۔ ظالموں کے لیے نہ کوئی مہربان دوست ہوگا اور نہ کوئی سفارشی جس کی بات مانی جائے۔
اگر ہم میں سے کوئی وہ منظر دیکھ لے کہ جب گناہ گاروں کو زنجیروں اور بیڑیوں میں جکڑ کر ننگے پائوں اور برے حال جہنم کی طرف لایا جائے گا اور ان کے چہرے سیاہ اور آنکھیں پیلی اور جسم خوف سے پگھلے جارہے ہوں گے اور وہ پکا رہے ہوں گے اے ہماری ہلاکت اے ہماری موت ! یہ ہمارے ساتھ کیا ہوا ؟ ہمیں کہاں لے جایا جا رہا ہے وہ کیسا دردناک منظر ہوگا جب ملائکہ انہیں آگ کی لگاموں کے ذریعے ہانکتے لے جارہے ہوں گے کبھی ان کو منہ کے بل گھسیٹا جا رہا ہوگا اور کبھی اس حال میں کہ وہ خون کے آنسو رورہے ہوں گے دل ان کے حیران ہونگے اور وہ خود تکلیف سے چلا رہے ہونگے اور وہ منظر اتنا ہیبت ناک او ردرد ناک ہوگا کہ کوئی آنکھ اس کو دیکھنے کی متحمل نہیں ہوسکتی کسی دل میں اتنا حوصلہ کہاں کہ بے قرار نہ ہو قدم اس دن کی شدت کی وجہ سے بے قابو ہوں گے۔ پھر روتے ہوئے فرمانے لگے کیا ہی برا منظر اور کیا ہی برا انجام ہوگا۔ ان کے ساتھ سامعین بھی رونے لگے ۔
حاضرین محفل میں ایک گناہ و مستی و معصیت میں ڈوبا ہو اجوان بھی بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے شیخ ابن قدامہ ؒ کی یہ گفتگو سن کر کہا:
اے بو البشر! کیا یہ سارا کچھ جو آپؒ نے بیان کیا قیامت کے دن ہوگا؟ شیخ نے فرمایا : ہاں ! اے میرے بھتیجے اس سے بھی بڑھ کر حالات ہوں گے۔ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ وہ آگ میں چیخ رہے ہوں گے یہاں تک کہ چیختے چیختے ان کی آواز بیٹھ جائے گی اور عذاب کی شدت کی وجہ سے صرف ایک بھنبھناہٹ باقی رہ جائے گی۔ اس غافل جوان نے یہ سن کر ایک چیخ ماری اور کہااے اللہ! ہائے میری زندگی کے غفلت کے ایام اے میرے آقا و مولا ! میں نے تیری اطاعت میں کوتاہی سے کام لیا۔ ہائے افسوس صد افسوس میں نے اپنی عمر فانی زندگی کے لئے برباد کی۔ اس کے بعد اس نوجوان نے رونا شروع کر دیا اور قبلہ رخ ہو کر کہنے لگا ’’اے اللہ جل شانہٗ آج میں ایسی سچی توبہ (توبۃ النصوح) کے ساتھ تیری طرف رجوع کرتا ہوں اے اللہ! اگر تو میری توبہ قبول نہیں کرے گا تو یہ میری ہلاکت اور بربادی ہے۔‘‘ اسی دوران وہ جوان بے ہوش ہو کر غشی کھا کر گر پڑا۔اسے وہاں سے منتقل کیا گیا۔ شیخ صالح اپنے ساتھیوں کے ساتھ کچھ دنوں تک اس کی عیادت کرتے رہے پھر اس جوان کا انتقال ہو گیا۔ اس جوان کی نمازِ جنازہ میں خلق خدا نے شرکت کی۔ وہ روتے ہوئے اس کے لئے دعائے مغفرت کر رہے تھے۔ شیخ صالح گاہے بگاہے اس جوان کا اپنی مجلس میں تذکرہ کرتے اور فرماتے ’’میرے والدین اس نوجوان پر قربان ہوں یہ قرآن کا قتیل ہے، وعظ اور غم و حزن کا قتیل ہے یعنی اس آیت اور اس کی تفسیر نے اس نوجوان پر اتنا اثر ڈالاکہ وہ قیامت کے دہشت ناک احوال کے خوف سے جان سے گزر گیا۔‘‘راوی کہتے ہیں کہ ایک شخص نے اس جوان کو خواب میں دیکھا تواس سے پوچھا کہ تمہارا کیا حال ہے؟ اس جوان نے کہا کہ شیخ صالح کی مجلس کی برکت سے اللہ کی رحمت و مغفرت میرے شاملِ حال ہوئی اور میں اللہ کی وسیع رحمت کا مستحق بن گیا یعنی میری مغفرت کر دی گئی۔
اس واقعہ سے استدلال کیا جاتا ہے کہ وہ مرشد کامل کی صحبت ہی ہے جہاں توبۃ النصوح کی توفیق حاصل ہوتی ہے۔
مرشد ِ کامل اکمل طالب ِ اللہ کو ذکر وتصور اسمِ اللہ ذات کے ذریعے معرفت و دیدار کا سبق دیتا ہے اور دنیا مردار (گناہ) معصیت اور لغزشوں سے بیزار کر کے توبۃ النصوح کراتا ہے۔
جیسا کہ حضرت سلطان العارفین نے اپنے کلام میں فرمایا:
٭ کامل مرشد ایسا ہووے، جیہڑا دھوبی وانگوں چھٹے ھُو
نال نگاہ دے پاک کریندا وچ سجی صبون نہ گھتے ھُو
٭ مرشد وانگ سنار ہووے، جیہڑا گھت کٹھالی گالے ھُو
پاکٹھالی باہر کڈھے، بندے گھڑے یا والے ھُو
ہر خاص و عام مسلمان کو دعوت ہے کہ وہ سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِ اقدس پر بیعت کر کے حقیقی توبہ کا سفر شروع کرے۔ آپ مدظلہ الاقدس ذکرو تصور اسم اللہ ذات عطا کرتے ہیںاور اپنی نورانی نگاہ سے طالب کا تزکیۂ نفس کر کے اس کے قلب کو گناہوں سے پاک فرماتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی صحبت اور نگاہِ کامل سے استفادہ کیا جائے اور معرفت ِ الٰہی پاکر کامیابی و کامرانی حاصل کی جائے .