باطنی اور ظاہری بیعت.. سلطان العاشقین سلطان محمد نجیب الرحمن
بیعت
باطنی بیعت
12 اپریل 1997ء کی رات نمازِ تہجد کے بعد آپ مدظلہ الاقدس درود پاک پڑھ رہے تھے کہ باطن کا در کھل گیا اور آپ نے خود کو باطنی طور پر مسجدِ نبوی میںمجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں پایا۔ نورِ ازل آقا و مولا سیدّنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام درمیان میں تشریف فرما تھے۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دائیں جانب حضرت علی کرم اللہ وجہہ، حضرت امام حسن رضی اللہ عنہٗ اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ اور بائیں جانب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہٗ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہٗ، حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہٗ اور چاروں سلاسل کے مشائخ کرام تشریف فرما تھے۔ اس محفل میں حاضر ہوتے ہی اور اہل ِمحفل کی ہیبت و جلال کو دیکھ کر آپ گنگ رہ گئے اور قریب تھا کہ خوف سے بے جان ہوکر گر جاتے کہ مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے آگے بڑھ کر آپ مد ظلہ الاقدس کا ہاتھ اپنے دستِ مبارک میں لیا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سامنے پیش کرتے ہوئے آپ کے مبارک قدموں میںبٹھا دیا اور عرض کی ’’حضور! یہ نجیب الرحمن ہے اور آپ کا غلام ہے۔ یہ آپ کی نورِ نظر لختِ جگر (خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا) کا نوری فرزند ہے اور انہوں نے اس کو اپنا ورثہ عطا کرنے کے لیے منتخب فرمایا ہے اور اس مقصدکے لیے آپ کی بارگاہِ عالیہ میں بھیجا ہے۔‘‘ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے جب یہ سنا تو جلدی سے اپنی پیشانی اُن مبارک قدموں پر رکھ دی جن پر دونوں جہان نثار ہیں۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا’’ہاں ہمیں سفارش پہنچ چکی ہے اور ہم نے اسے منظور بھی کر لیا ہے۔ اب یہ ہمارا بھی نوری حضوری فرزند ہے مگر ہم انہیں کس فرزندِ رسول کا ورثہ عطا فرمائیں۔‘‘ حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہٗ نے عرض کی ’’نانا حضور! اماں حضور (خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا) نے انہیں ہمارا ورثہ عطا کرنے کا فرمایا ہے۔‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے دونوں دست ِمبارک سے شانوں سے پکڑ کر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کو اپنے قدموں سے اٹھایا اور فرمایا ’’تو ہمارا نوری حضوری فرزند ہے، ہمارا وارث ہے۔ ایک زمانہ تجھ سے فیض پائے گا اور ہم تمہیں اپنی برہان بنائیں گے۔ تونے ہماری لختِ جگر نورِ نظر کو راضی کیا ہے ہم تجھ سے راضی ہوگئے ہیں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے بیعت کے لیے دونوں دستِ مبارک آگے بڑھائے توآپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے دونوں ہاتھ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دستِ مبارک میں دے دئیے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے آپ مد ظلہ الاقدس کو بیعت فرمایا اور اس کے بعد چاروں سلاسل کے مشائخ کی طرف نظر کی اور پیرانِ پیر سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ سے فرمایا ’’اس کی وراثت آپ (رضی اللہ عنہٗ) کے پاس ہے۔‘‘ پھر آپ مد ظلہ الاقدس کا ہاتھ سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ کے ہاتھ میں دیا اور فرمایا ’’یہ ہماری لختِ جگر (رضی اللہ عنہا) کا نور ی حضوری فرزند ہے۔ اب ہمارا اور آپ کا بھی نوری حضوری فرزند ہے۔ ہم اس کو آپ (رضی اللہ عنہٗ) کے سپرد فرماتے ہیں۔ اس کی باطنی تربیت آپ (رضی اللہ عنہٗ) کے ذمہ ہے۔‘‘ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس فرماتے ہیں کہ یہ نعمتِ عظمیٰ پاکر میں نے محفل میں موجود اہلِ بیت اور چاروں خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کی قدم بوسی کی۔ سب نے آپ کو مبارکباد دی اور سرپر دستِ شفقت رکھا۔ بعدازاں سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے اجازت لے کر آپ مدظلہ الاقدس کو مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے واپس لے آئے اور آپ کی باطنی تربیت شروع ہوگئی۔آپ مد ظلہ الاقدس فرماتے ہیں کہ یہ واقعہ چند لمحوں میں وقوع پذیر ہو گیا۔
موجودہ دور کے مادیت پرست ذہنوں کے لیے شاید یہ بات قبول کرنے میں ان کی محدود اور عالمِ ناسوت میں قیدعقل مانع ہوگی لیکن یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔ کیونکہ اصل سروری قادری ہوتے ہی وہی ہیں جن کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام خود بیعت فرما کر سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کے سپرد فرماتے ہیں۔ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
سروری قادری اُسے کہتے ہیں جسے خود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام دستِ بیعت فرماتے ہیں اور اس کے وجود سے بد خلقی کی خوبوُ ختم ہو جاتی ہے اور اُسے شرعِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی راہ پر گامزن ہونے کی توفیق نصیب ہوجاتی ہے۔ (محک الفقر کلاں)
ایک اس مراتب کے بھی سروری قادری ہوتے ہیں جنہیں خاتم النبیین رسولِ ربّ العالمین سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اپنی مہربانی سے نواز کر باطن میں حضرت محی الدین شاہ عبدالقادر جیلانی قدس سرہُ العزیز کے سپرد کر دیں اور حضرت پیر دستگیر رضی اللہ عنہٗ بھی اُسے اس طرح نوازتے ہیں کہ اُسے خود سے جدا نہیں ہونے دیتے۔ (محک الفقر کلاں)
سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ فرماتے ہیں:
سلسلہ سروری قادری کو سروری قادری اس لیے کہا جاتا ہے کہ سروری کا مطلب ہے سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دستِ مبارک پر بیعت ہونا اور قادری کا مطلب ہے غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کا باطنی تربیت فرمانا۔(مجتبیٰ آخرزمانی)
پیران پیر غوث الاعظم محی الدین حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی مرحلہ وار تربیت کا آغاز فرمایا اور آپ مدظلہ الاقدس کو اسما الحسنیٰ کا علم عطا فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے لاکھوں کی تعداد میں ہر اسمِ صفت کا ذکر فرمایا۔ دسمبر1997 ء میں سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ نے آپ مدظلہ الاقدس کو اسمِ اللہ ذات کے ذکر پر پہنچا دیا اور آپ کو روزانہ پانچ ہزار مرتبہ بعد نمازِ تہجد اسمِ اللہ کے ذکر کا حکم فرمایا۔ آپ روزانہ اسمِ اللہ کا ذکر فرماتے۔ آپ فرماتے ہیں ’’جیسے جیسے دن گزرتے جاتے میرے اندر اسمِ اللہ ذات کی طلب بڑھتی جاتی۔‘‘ پیرانِ پیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ نے آپ مدظلہ الاقدس کو علمِ دعوت (علم ِ دعوت ایک باطنی عمل ہے جس میں کسی ولی اللہ کے مزار پر ایک خاص ترتیب سے قرآن پڑھ کر اس ولی سے روحانی طور پر ملاقات کی جاسکتی ہے اور رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ تفصیل جاننے کے لیے حضرت سخی سلطان باھوؒ کی کتب اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیف مبارکہ ’’شمس الفقرا‘‘ کے باب نمبر15 ’’علم ِ دعوت‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔) بھی عطا فرما دیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نمازِ فجر کے بعد اقبال ٹاؤن کریم بلاک کے قبرستان میں حضرت بابا شہنشاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر تشریف لے جاتے اور علمِ دعوت کے ذریعے اُن سے باطنی طور پر ہم کلام ہوتے۔ ایک دن انہوں نے فرمایا ’’ آپ داتا صاحب کے مزار پر تشریف لے جائیں۔‘‘ اسکے بعد آپ مدظلہ الاقدس سیدّنا علی ہجویری داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر نمازِ عصر کے وقت تشریف لے جانے لگے اور چلہ گاہ حضرت معین الدین چشتیؒ کے قریب بیٹھ کر دعوت پڑھتے۔ حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ بھی آپ پر باطنی مہربانی فرماتے اور اپنے بے کراں فیض سے آپ مدظلہ الاقدس کو سیراب کرتے۔
ظاہری بیعت
جنوری 1998 ء میں باطنی طور پر سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ کی طرف سے ظاہری مرشد کی تلاش کا حکم ہوا۔ اس حکم کے بعد آپ مدظلہ الاقدس ظاہری مرشد کی تلاش میں نہ صرف لاہور بلکہ لاہور سے باہر سارے ملک میں تشریف لے گئے۔ جہاں کہیں کسی مرشد کے موجود ہونے کے متعلق سنتے فوراً چل دیتے۔ اس کی محفل میں پہنچتے، دیکھتے،دل اس کی طرف بالکل مائل نہ ہوتا اور واپس آجاتے۔
وسط فروری 1998ء کی ایک رات خواب میں سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغرعلی رحمتہ اللہ علیہ تشریف لائے اور فرمایا ’’بیٹا ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں، چلے آئو۔‘‘ بیدار ہونے پر آپ مدظلہ الاقدس ان انجانے بزرگ کی تلاش میں نکل پڑے لیکن وہ من موہنی صورت کہیں نظر نہ آتی تھی۔ یہ تلاش روز کا معمول بن گیا۔ بارگاہِ سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ اور حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ ہی طرف سے بھی کوئی اشارہ نہ مل رہا تھا۔
یکم مارچ 1998ء (2 ذیقعد 1418ھ) پیر کی شب پھر خواب میں سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغرعلی رحمتہ اللہ علیہ نظر آئے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے قریب پڑے ہوئے ایک پرانے صندوق کو کھولا۔ اس میں سے سنہری رنگ کا اسمِ اللہ ذات نکل کر بلند ہوا اور آپ رحمتہ اللہ علیہ کے سر مبارک کے قریب سورج کی طرح چمکنے لگا۔ آپؒ نے فرمایا ’’بیٹا بڑی محنت کر لی اب چلے آئو‘‘ اور اسمِ اللہ ذات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا’’ تمہاری یہ امانت کب سے ہمارے پاس تمہارا انتظار کر رہی ہے اور ہم خودبھی تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
لیکن صورتحال وہی کہ کہاں جائیں؟ تلاش پھر شروع کی لیکن نتیجہ ندارد۔ آپ مدظلہ الاقدس کا معمول تھا کہ جمعتہ المبارک کی نماز کی ادائیگی کے بعد گھر آکر نماز ِعصر تک درود شریف کا ورد فرمایا کرتے تھے۔ 10 اپریل 1998ء کو بھی آپ نے معمول کے مطابق نماز ِجمعہ ادا کی اور گھر آکر جائے نماز پر بیٹھ کر درود شریف کا ورد شروع کیا ہی تھا کہ گھٹن کی وجہ سے ہچکی بندھ گئی۔ رو رو کر اللہ پا ک کی بارگاہ میں عرض گزار ہوئے’’ اللہ پاک اب تو منزل پر پہنچا دے۔ اگر چند ہفتوں تک منزل نہ ملی تو پچھلی زندگی کی طرف لوٹ جائوں گا۔ تیرا فرمان ہے کہ تو کسی کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا۔‘‘ روتے روتے آپ مدظلہ الاقدس جائے نماز پر گر کر ہی سو گئے۔ خواب میں سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ تشریف لائے اور فرمایا ’’ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے آپ کو ہمارے سپرد فرمایا ہے اور ہم آپ کو خود سے جدا نہ ہونے دیں گے۔ ‘‘ اور حکم فرمایا’’ہم نے تمہیں سلطان باھوؒ کے سپرد فرما دیا ہے اب تمہاری آخری تربیت تو تمہارے مرشد ہی فرمائیں گے۔ دربار سلطان باھوؒ پر چلے جاؤ۔‘‘ اس کے بعد سیدّنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ نے آپ مدظلہ الاقدس کے دل پر دستِ مبارک رکھا۔ جب آپ سو کر اُٹھے تو پرُسکون ہوچکے تھے۔
12 اپریل 1998ء کو آپ مدظلہ الاقدس علی الصبح دربار سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ پر تشریف لے گئے اور عرض کی ’’سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ نے آپ کی بارگاہ میں بھیجا ہے۔‘‘ پھر سرہانے کی جانب بیٹھ کر دعوت پڑھی اور عرض کی کہ آپؒ کے دربار کے باہر تحریر ہے:
ہر کہ طالب حق بود من حاضرم
ز ابتدا تا انتہا یک دم برم
طالب بیا! طالب بیا! طالب بیا
تا رسانم روزِ اوّل باخدا
ترجمہ: ہر وہ شخص جو حق تعالیٰ کا طالب ہے میں اس کے لیے حاضر ہوں۔ میں اسے ابتدا سے انتہا تک فوراً پہنچا دیتا ہوں۔ اے طالب آ، اے طالب آ، اے طالب آ، تاکہ میں تجھے پہلے دن ہی اللہ تعالیٰ تک پہنچا دوں۔
کافی دیر خاموشی رہی۔ وھم ( وھم سے مراد وہ روحانی قوت ہے جس کے ذریعے باطن میں اللہ اور اولیا اللہ سے گفتگو کی جاتی ہے۔تفصیل کے لیے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیف’’شمس الفقرا‘‘ کے باب نمبر14 ’’وَھم‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔ ) کے ذریعے کوئی جواب نہ آیا۔ کافی دیر بعد حکم ہوا ’’تم ہمارے بھی محبوب ہو۔ سلطان محمد عبد العزیزؒ کے دربار پر سلطان محمد اصغر علیؒ کے پاس چلے جاؤ وہی تمہارے مرشد ہیں۔‘‘ پھر فرمایا ’’جائو تمہارے مرشد تمہارا انتظار کر رہے ہیں، اپنا ورثہ وہاں سے حاصل کر لو۔‘‘
جب آپ مدظلہ الاقدس آستانہ عالیہ سلطان محمد عبدالعزیزؒ (سلسلہ سروری قادری کے انتیسویں شیخ ِ کامل اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے والد اور مرشد ہیں۔ مکمل حیات و تعلیمات کے لیے ’’مجتبیٰ آخر زمانی ‘‘کا مطالعہ فرمائیں۔)(جو کہ دربار سلطان باھُوؒ کے قریب ہی ہے) پر پہنچے تو سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ (سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی ؒ کے متعلق تفصیلاً جاننے کے لیے مطالعہ فرمائیں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیف’’مجتبیٰ آخر زمانی‘‘ اور ’’سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ حیات و تعلیمات‘‘ ۔) کے کمرہ مبارک کے باہر لوگوں کا بے انتہا ہجوم تھا۔کچھ دیر انتظار کے بعد آپ مدظلہ الاقدس کو ملاقات کی اجازت ملی۔ جب آپ سلطان الفقر ششمؒ کے کمرے میں داخل ہوئے تو سامنے پلنگ پر وہی خواب والا من موہنا اور خوبصورت چہرہ دکھائی دیا پس ’’اوّل آخر یکساں ہوگیا‘‘ اور دل میں کوئی سوال باقی نہ رہا۔ سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے آپ کو دیکھا تو فرمایا ’’آگئے ہو‘‘۔ آپ مدظلہ الاقدس فرماتے ہیں کہ اس بھری محفل میں ان الفاظ کو صرف میں نے سنا۔ فوراً آپ رحمتہ اللہ علیہ کے قدموں میں بیٹھ گیا۔ بیعت کی درخواست کی تو سلطان الفقر ششم رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ’’بیعت بھی کرتے ہیں اب اتنی جلدی کیا ہے؟‘‘ یہ تقریباً ظہر کا وقت تھا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے محرم راز اور خادمِ خاص سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو بعد نمازِ مغرب بیعت فرمایا۔ تاریخ 12اپریل (12اپریل 1979ء کو ہی سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کو امانتِ الٰہیہ منتقل ہوئی، 12اپریل 1981ء کو ہی آپ کے مرشد حضرت سخی سلطان محمد عبد العزیز رحمتہ اللہ علیہ کا وصال ہوا اور 12اپریل کو ہی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی باطنی بیعت ہوئی۔) 1998ء (15 ذوالحجہ 1418ھ) تھی اور پیر کی شب شروع ہو چکی تھی۔ آپ پہلے دن سے ہی اپنے مرشد کے محبوب بن گئے اور اس دن سے آج تک آپ مدظلہ الاقدس مرتبہ ٔ محبوبیت کے اعلیٰ ترین مقامات پر فائز ہیں جن میں روز بروز بلکہ لمحہ بہ لمحہ اضافہ ہو رہا ہے۔