Khandan

خاندان..سلطان العاشقین سلطان محمد نجیب الرحمن

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

خاندان..سلطان العاشقین سلطان محمد نجیب الرحمن

خاندان

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا نکاح مبارک 13 مارچ 1987ء (13 رجب 1407 ھ) قبل نماز جمعتہ المبارک لاہور میں محترمہ طاہرہ پروین بنت محمد سلیم سے ہوا۔ رخصتی 18 نومبر 1987ء (28 ربیع الاول 1408 ھ) بروز جمعرات پانچ بجے شام ہوئی۔ آپ مدظلہ الاقدس کا نکاح اور رخصتی نہایت سادگی سے ہوئی۔ نکاح کے وقت دونوں خاندانوں کے 15 افراد اور بوقت ِرخصتی صرف چھ افراد نے شرکت کی۔ آپ مدظلہ الاقدس کے نکاح اور رخصتی کے وقت غیر شرعی رسومات اور اسراف سے مکمل اجتناب کیا گیا۔ حالانکہ آپ نے ابھی راہِ فقر پر ظاہری طور پر قدم بھی نہ رکھا تھا لیکن طبیعت میں سادگی اور غیر شرعی رسومات کی ناپسندیدگی کی وجہ سے نکاح انتہائی سادگی سے فرمایا۔

سلطا ن العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زوجہ محترمہ طاہرہ پروین بنت ِ چوہدری محمد سلیم ولد چوہدری نور دین 18 نومبر 1969ء (8 رمضان المبارک 1389ھ) بروز منگل بوقت ِ افطار اور نمازِ مغرب اوکاڑہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد چوہدری محمد سلیم لاہور میں سٹیٹ لائف میں ملازمت کرتے تھے۔ اس لیے ولادت کے فوراً بعد والدین لاہور لے آئے۔ لاہور ہی سے انہوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ محترمہ طاہرہ پروین نے زندگی کے ہر موڑ پر خصوصاً راہِ فقر میں سلطان العا شقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا نہایت صدق اور خلوص سے ساتھ دیا۔ جب بہت سے قریبی رشتہ دار اس راہ پر چلنے کی وجہ سے آپ مدظلہ الاقدس کا ساتھ چھوڑ گئے تو آپ ہمیشہ ان کے لیے تقویت کا باعث بن کر ساتھ کھڑی رہیں۔ خود بھی سلطان الفقرششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے دست مبارک پر دسمبر 1998ء میں بیعت ہوئیں۔ جب بھی سلطان الفقر ششمؒ لاہور میں آپ کے گھر میں قیام پذیر ہوتے تو ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھتیں۔ باوضو ہو کر صدق اور خلوص سے اُن کا طعام تیار فرماتیں۔ سلطان الفقر ششمؒ بھی اُن سے بہت شفقت اور محبت فرماتے تھے اور ان کے ہاتھ کے بنے ہوئے کھانوں کی بہت تعریف فرمایا کرتے تھے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنا جو مال اللہ کی راہ میں قربان کیا اس میں آپ کا مال بھی شامل ہے۔ حتیٰ کہ آپ نے اپنا گھر بھی راہِ فقر میں وقف کر دیا جس میں سلسلہ سروری قادری کی خانقاہ، تحریک دعوتِ فقر کا مرکزی دفتر اور اس کے شعبہ جات کے دفاترقائم ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے محترمہ طاہرہ پروین صاحبہ کو بھی ان کے عشقِ حقیقی اور فقر کے لیے خدمات اور جدوجہد کی بنا پر اعلیٰ ترین روحانی درجات سے نوازا ہے۔ آپ نے 29 اکتوبر 2017ء (8صفر 1439ھ) بروز اتوار سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر تجدید ِبیعت کی۔ آپ بھی فقر کی نعمت کو خواتین میں عام کرنے کے لیے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کے شانہ بشانہ مصروف ہیں۔ خانقاہ سلطان العاشقین کے قیام سے قبل آپ ہر اتوار خواتین طالبانِ مولیٰ سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات فرماتیں، ان کے ظاہری، باطنی اور روحانی مسائل کے حل کے لیے اُن کی راہنمائی اور دعا فرماتیں۔ 30 اگست 2020ء میں خانقاہ سلطان العاشقین کے قیام کے بعد آپ خانقاہ سلطان العاشقین میں ہی خواتین طالبانِ مولیٰ سے ملاقات فرماتی ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے ان کے بطن سے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو چار صاحبزادیاں اور ایک صاحبزادہ عطا کیا۔ ایک صاحبزادی تابینہ نجیب کا سات سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

اولاد

1 .  صاحبزادی منیزہ نجیب 7 اگست 1988 (23 ذوالحجہ 1408 ھ) بروز اتوار بوقت مغرب تقریباً سات بج کر پانچ منٹ پر لاہور میں پیدا ہوئیں۔ دس سال کی عمر میں سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے دست مبارک پر بیعت ہوئیں۔ کم عمری میں کی گئی اس بیعت کی تجدید کے لیے2012ء میں اپنے والد مرشد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِمبارک پر بیعت ہوئیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نے23اگست 2015ء بمطابق7ذیقعد 1436ھ بروز اتوار عرس حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے موقع پر صاحبزادی منیزہ نجیب کو صاحب ِمجاز فرمایا۔ فقر کی روسے خاتون طالب ِمولیٰ کو صاحب ِ مجاز بنانے کا مطلب یہ ہے کہ اب وہ خواتین اور بچیوں کو اسم اللہ ذات کی پہلی منزل کا ذکر بغیر بیعت کے عطا کر سکتی ہیں، انہیں دم کر سکتی ہیں اور روحانی مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے وظائف بھی دے سکتی ہیں۔ 14 نومبر 2015ء بروز ہفتہ صاحبزادی منیزہ نجیب کی میجر سلطان محمد عبد اللہ اقبال سروری قادری سے شادی ہوئی۔

2  .  صاحبزادی تابینہ نجیب  27 ستمبر 1989ء (25 صفر 1410ھ) بروز بدھ شام چھ بج کر پندرہ منٹ پر لاہور میں پیدا ہوئیں اور سات سال کی عمر میں 2 اکتوبر 1996ء (18 جمادی الاول 1417ھ) بروز بدھ صبح آٹھ بج کر پانچ منٹ پر جنرل ہسپتال لاہور کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (ICU) میں انتقال فرما گئیں۔ اپنی دادی کے پہلو میں کریم بلاک اقبال ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں مدفون ہیں۔

 

3 .  صاحبزادی مشعل نجیب 6 ستمبر 1994 ء (28 ربیع الاول 1415ھ) بروز منگل صبح دو بج کر بیس منٹ پر لاہور میں پیدا ہوئیں۔ اپنے والد محترم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِمبارک پر بیعت ہیں۔12 دسمبر 2016ء بمطابق 12ربیع الاوّل 1437ھ عیدمیلاد النبی کے بابرکت دن محفل میلادِ مصطفیؐ کے موقع پر آپ مدظلہ الاقدس نے صاحبزادی مشعل نجیب کو صاحبِ مجاز فرمایا۔ 17 دسمبر 2016ء بروز ہفتہ ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری سے نکاح ہوا اور12فروری2017ء کورخصتی ہوئی۔

4 .  صاحبزادہ محمد مرتضیٰ نجیب 5 اگست 1997ء (30 ربیع الاول 1418ھ) بروز منگل شام پانچ بج کر بیس منٹ پر لاہور میں پیدا ہوئے۔ سلطان الفقرششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کو ان سے خاص محبت تھی۔ آپؒ جب بھی انہیں دیکھتے تو فرماتے انشاء اللہ اسم بامسمیّ ہوگا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے عرس سلطان التارکین حضرت سخی سلطان سیدّ محمد عبد اللہ شاہ مدنی جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے مبارک موقع پر 22اکتوبر 2016ء (21 محرم 1437ھ) بروز ہفتہ بعد نمازِ مغرب دربار پاک پر دست ِ بیعت فرمایا اور اپنی دستار مبارک عطا کی اور 21 نومبر 2018ء (12 ربیع الاوّل 1440ھ) بروز بدھ عید میلاد النبی کے دن میلادِ مصطفیؐ کے موقع پر خلافت عطا فرمائی اور بیعت کرنے کی اجازت عطا فرمائی۔ 6 دسمبر 2019ء (6 ربیع الثانی 1441ھ) بروز جمعہ نکاحِ مسنونہ ہوا اور 15 دسمبر 2019ء (15 ربیع الثانی 1441ھ) بروز اتوار محفل ِولیمہ ہوئی۔آپ مدظلہ الاقدس نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب کو اپنے بعد اپنے دربار کا سجادہ نشین بھی مقرر فرمایا ہے۔

 

5 .  صاحبزادی فاطمہ نجیب 4 جنوری 2003ء (30 شوال 1423ھ) بروز ہفتہ شام چار بج کر تیس منٹ پر لاہور میں پیدا ہوئیں۔ آپ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی وہ صاحبزادی ہیں جو آپ مدظلہ الاقدس کی راہِ فقر کی تکمیل اور امانتِ الٰہیہ کی منتقلی کے بعد آپ کے مرشد کے سالِ وصال پیدا ہوئیں۔ سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ نے خود ان کا نام فاطمہ رکھا۔ ولادت کی خبر سنتے ہی اپنی دوسری زوجہ محترمہ کے ہمراہ لاہور تشریف لاکر پیار سے گود میں لیا، اپنے دہن مبارک میں شہد ڈال کر اس نومولود بچی کے منہ میں ڈالا اور فرمایا کہ ہم تو لاہور صرف عالمِ لاھوُت سے آنے والی اس نئی روح سے ملاقات کے لیے آئے ہیں اور جلد سے جلد عقیقہ کرنے کا حکم فرمایا۔ زیر ِتعلیم ہیں۔اپنے والد ِمحترم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِ مبارک پر بیعت ہیں۔
19 نومبر 2023  (5 ربیع الثانی 1445 ھ ) بروز اتوار  کو سلطان محمد عبد الرحمن محبوب سے نکاح مسنونہ ہوا اور 25 دسمبر 2023 (11 ربیع الثانی 1445 ھ ) بروز ہفتہ  کو رخصتی ہوئی ۔

Spread the love