Online-Bayat

آن لائن بیعت

Rate this post

آن لائن بیعت

آن لائن بیعت

موجودہ دور سے قبل سلسلہ سروری قادری میں بیعت ہونے اور ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کا خزانہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک مرتبہ مرشد کامل اکمل کی بارگاہ میں حاضر ہونا ضروری تھا۔ جوں جوں اللہ تعالیٰ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان اور مراتب کو عروج عطا فرما رہا ہے آپ مدظلہ الاقدس بھی متلاشیانِ حق کو فقر کا فیض عطا کرنے کے لیے آسانیاں اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نے غیر ممالک میں آن لائن بیعت کے ذریعے ذکر و تصور اسمِ  اللہذات عطا فرمانے کا سلسلہ شروع کر کے فقر کی تاریخ میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور فقر کی تاریخ کو ایک نیا موڑ دیا ہے۔ ایسا انقلابی اور بظاہر ناممکن نظر آنے والا قدم اٹھانے کے لیے یقینا بہت زیادہ روحانی قوت درکار ہے کیونکہ مرشد اور مرید کی ایک بھی ظاہری ملاقات کے بغیر مرشد کا اس طالب کو روحانی فیض پہنچانا آسان کام نہیں۔ یہ قدم یقینا آپ مدظلہ الاقدس کی دور اندیشی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔

آن لائن بیعت کا طریقہ ابتدائی طور پر ان لوگوں کے لیے شروع کیا گیا تھا جو بیرونِ ملک رہتے ہیں اور مالی یا کسی اور مجبوری کی وجہ سے بالکل سفر نہیں کر سکتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ سہولت ہر اس شخص کو عطا کر دی گئی جو کسی بھی وجہ سے آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضرہونے سے قاصر ہے۔ کیونکہ آج کل کے دور میں انٹر نیٹ، کمپیوٹر، سمارٹ فون وغیرہ کی سہولت تقریباً ہر طبقہ اور ہر پیشہ کے افراد کے پاس موجود ہے۔ آن لائن بیعت کا نظام شروع فرما کے آپ مدظلہ الاقدس نے ہر خاص و عام کے لیے راہِ فقر اور راہِ معرفت کے راستے نہ صرف کھول دیئے ہیں بلکہ آسان بنا دیئے ہیں۔ 

آن لائن بیعت کا طریقہ کار یہ ہے کہ بیعت کے متمنی مرد و خواتین تحریک دعوتِ فقر کی ویب سائٹ www.tehreekdawatefaqr.com کے Contact Usپیج پر یا تحریک دعوتِ فقر کی کسی بھی ویب سائٹ پر موجود  Contact Usکی آپشن (Option) کو کلک (Click) کرکے یا ہر ویب سائٹ کے ہر پیج پر Whatsapp کی سہولت بھی موجود ہے جس پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا سوشل میڈیا کے کسی بھی پیج،پروفائل (Page/Profile)/ اکاونٹ پر رابطہ کر کے بیعت کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کی طرف سے مقرر نمائندہ ان کے کوائف کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں ایک لنک مہیا کر دیتا ہے جس سے وہ آن لائن بیعت ہوسکتے ہیں۔ ان کی تمام معلومات سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو ایک ای میل کی صورت میں وصول ہوتی ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس ان تمام معلومات کا جائزہ لے کر چند روحانی تقاضے پورے فرماتے ہیں اور بیعت کرنے کے بعد اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کی اجازت فرماتے ہیں۔ اسمِ اللہ ذات اور اس کے ذکرو تصور کا طریقہ کار بذریعہ فون اور ای میل طالب کو بتا دیا جاتا ہے۔

آپ مدظلہ الاقدس کے روحانی فیض کے لامحدود ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ طالب بیعت کے لیے بھی جسمانی پابندیوں سے آزاد ہے۔ اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس کی روحانی قوت زمان و مکان کی قید سے آزاد ہے۔ کسی بھی رنگ ونسل یا فرقہ کا فرق روا رکھے بغیر تمام متلاشیانِ حق کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کے فیض کے دروازے کھلے ہیں حتیٰ کہ بیعت کے فارم میں بھی ذات پات یا فرقہ کے متعلق کوئی سوال درج نہیں ہے۔ 

بلاگز (Blogs)

ویب سائٹس کی ڈویلپمنٹ اور آن لائن ہونے سے قبل فقر و تصوف کی کسی اصطلاح کے بارے میں جاننا انتہائی مشکل کام تھا۔ مختلف سرچ انجن جیسے گوگل (Google) اور بِنگ (Bing) وغیرہ پر جب بھی تصوف یا فقر کی کسی اصطلاح کو تلاش کیا جاتا تو سرچ انجن سے یا تو غیرمتعلقہ معلومات موصول ہوتیں یا وہ کسی ایسے بلاگ سے ہوتیں جہاں موجود مواد اصل مواد کے مقابلے میں تحریف شدہ اور ردّ و بدل کا شکار ہوتا۔ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیںجو خود کو غلط طور پرسلسلہ سروری قادری سے منسوب کرکے انٹرنیٹ پر فقر کی ایسی غیر مصدقہ تعلیمات پھیلا رہے ہیں جو ان کے ذاتی نظریات کی عکاس ہیں اور جن کا فقر کی حقیقی تعلیمات سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ نہ ہی ایسے لوگوں کے اس سلسلہ سے منسلک ہونے کے کوئی مستند ثبوت یا روایات ملتی ہیں اور نہ ہی انٹرنیٹ پر ان کی دی گئی فقر سے متعلق تعلیمات و معلومات درست ہیں ۔ 

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنی نگاہِ کرم اور روحانی قوت سے کئی طالبانِ مولیٰ کو فقر کے اہم موضوعات خاص طور پر حقیقی سروری قادری مشائخ کی تعلیمات اور ان کی روحانی خدمات پر تحقیق کرکے مضامین (Articles) لکھنے کے لائق بنایا۔ یہ مضامین مستند حقائق کی بنیاد پر لکھے گئے اور ان کا مواد ان مقدس ہستیوں کے دستِ مبارک سے لکھی گئی اصل تحریروں سے لیا گیا جو نسل در نسل ان روحانی ہستیوں کے پاکیزہ خاندانوں میں محفوظ چلی آرہی تھیں۔ یہ اصل تحریریں آپ مدظلہ الاقدس نے انتہائی محنت اور لگن سے جمع کرکے ان کی تصنیف و تالیف بھی فرمائی۔ پھر انٹرنیٹ پر ان مضامین کے Blogspot.com، Blogs.com اور wordpress پر بلاگز (Blogs) بنائے گئے اور یوں فقر کی تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کیا گیا۔ جب کچھ وسائل مہیا ہوئے تو پھر آہستہ آہستہ ویب سائٹس بنانے کے عمل کا آغاز ہوا۔ لیکن ویب سائٹس سے قبل ان بلاگز (Blogs) نے بہت اہم کام کیا اور ان کے ذریعے دنیا کو سلسلہ سروری قادری کے مشائخ کی صحیح ترتیب سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی بنیاد رکھی۔

یہ محض چند مثالیں ہیں ورنہ آپ مدظلہ الاقدس کا ہر صادق مرید گواہ ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس نے ان کے باطن کے ساتھ ساتھ ان کا ظاہر بھی سنوار دیا، انہیں گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر صراطِ مستقیم پر گامزن کر دیا اور انہیں وہ روحانی بلندی عطا کی جس کا انہیں گمان بھی نہ تھا۔

 

 
 
Spread the love